احمدپورشرقیہ ، کمشنر بہاولپور ڈویژن نے قلعہ دراوڑ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

بدھ 9 اپریل 2025 17:36

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نےقلعہ دراوڑ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی بھی غیر ضروری التواء سے گریز کیا جائے تاکہ اس کی لاگت میں اضافہ نہ ہو۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عصمت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایس ڈی او آرکیالوجی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ قلعہ دراوڑ کے تحفظ اور بحالی کے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے14کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور ترقیاتی کام تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی تاخیر عوامی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ کام مکمل کر کے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ موقع پر جا کر ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ تمام منصوبوں کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ بہاول پور ڈویژن میں تمام عوامی فلاحی منصوبے بغیر کسی سمجھوتے کے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ کمشنر بہاول پورمسرت جبیں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے دی گئی ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کریں تاکہ عوام کو بہترین سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم ہیں بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوامی فلاح میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کی حفاظت کرنا ہے۔\378