چیئرمین تعلیمی بورڈ اور کنٹرولر امتحانات کے مارکنگ کے عمل کو شفاف اور معیاری بنانے کے لیے اہم اقدامات

بدھ 9 اپریل 2025 17:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کو شفاف، غیرجانبدار اور معیاری بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی بورڈ کے تمام اسٹیبلش مارکنگ سینٹرز پر بائیومیٹرک حاضری سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

ان اقدامات کا مقصد مارکنگ سٹاف اور دیگر متعلقہ عملے کی حاضری، نظم و ضبط اور کارکردگی کو موثر انداز میں مانیٹر کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بورڈ نے مارکنگ کے عمل کی موثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جدید مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم بھی متعارف کرایا ہے، جسے گزشتہ برس انٹر سیکنڈ اینول 2024 کے امتحانات میں کامیابی سے لاگو کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اب اس سسٹم کو مزید بہتر بنا کر میٹرک اینول 2025 میں بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔یہ سسٹم نہ صرف ہیڈ ایگزامنرز، سب ایگزامنرز، سپر چکرز، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ ایگزامنرز بلکہ دیگر متعلقہ افسران کی بھی نگرانی کرے گا تاکہ ہر سطح پر احتساب اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مارکنگ کے عمل میں غیر جانبداری، شفافیت اور میرٹ کا تحفظ اولین ترجیح ہے تاکہ طلباء کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی کا خدشہ نہ رہے۔

اس نظام سے نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہو گا۔علاوہ ازیں کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے حال ہی میں گورنمنٹ بوائز قادریہ سیکنڈری سکول گجرخان اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلر سیداں میں قائم مارکنگ سینٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مارکنگ سٹاف کو ہدایت دی کہ مارکنگ کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا جائے اور بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے بھی ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی بورڈ تعلیمی معیار اور امتحانات کے نظام کو بین الاقوامی سطح کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :