حکومت پنجاب کا ایک اور منفرد اعزاز، کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ اسکالرشپس دینے والاصوبہ بن گیا

بدھ 9 اپریل 2025 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز میں سکالرشپس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں 60 کھلاڑیوں کو بالترتیب 30، 50 اور 70 ہزار روپے کے چیک جاری کیے گئے۔

وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر بتایا کہ کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے کنٹریکٹ دیا جا رہا ہے جبکہ حکومت پنجاب کا ٹارگٹ ہے کہ 300 کھلاڑیوں کو پلاٹینیم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں سکالرشپس دی جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اس وقت کھلاڑیوں کو ریکارڈ سکالرشپس دے رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویڑن کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ روزگار فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کھیل کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کی کفالت بھی کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ کا مقصد کھلاڑیوں کی ترقی اور ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے، تاکہ وہ عالمی سطح پر کامیاب ہو سکیں۔ اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال، ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری، ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی، ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس راناندیم انجم اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن بھی شریک تھے۔