سونا 3000 روپے مزید مہنگا ہوگیا، نئی قیمت 3 لاکھ 21 ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی

10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 572 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نئی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کرگئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 اپریل 2025 19:10

سونا 3000 روپے مزید مہنگا ہوگیا، نئی قیمت 3 لاکھ 21 ہزار روپے کی سطح پر ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 09 اپریل 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 205 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق  پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 5 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 280 روپے 77 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 79 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 744 روپے 81 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 729 روپے 22 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 912 روپے 61 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 02 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ملک میں اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 281 روپے اور قیمت فروخت 282 روپے 50 پیسے ریکارڈ کی گئی۔