بچوں کیلئے موسم گرما کی قبل از وقت اور لمبی تعطیلات سے متعلق خوشخبری

ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن اور صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 9 اپریل 2025 21:21

بچوں کیلئے موسم گرما کی قبل از وقت اور لمبی تعطیلات سے متعلق خوشخبری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2025ء) ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن کو مراسلہ، بچوں کیلئے موسم گرما کی قبل از وقت اور لمبی تعطیلات سے متعلق خوشخبری سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے امکان کے پیشن نظر تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم گرما کی تعطیلات دے دیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ تیار کر کے ارسال کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کا اختتام ہونے کے بعد ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ پنجاب کے ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اسی باعث پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے تجویز دی ہے۔

(جاری ہے)

ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن اور صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے۔

مراسلے میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسکولوں کے اوقات میں رد و بدل کیا جائے ، جبکہ گرمی کی شدت مزید بڑھنے کی صورت میں موسم گرما کی چھٹیوں کا جلد اعلان کیا جائے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا کہ شدید گرمی کے دوران اسکولوں اور کالجز میں بلا تعطل صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، بچوں کو واضح ہدایات کی جائیں کہ ہلکے، ڈھیلے ڈھالے کپڑے استعمال کریں اور عارضی طور پر آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فی الفور پابندی عائد کی جائے، کلاس رومز کی وینٹیلیشن، پنکھے اور کولنگ سسٹم کو بھی فعال رکھا جائے، اسکولوں میں ابتدائی طبی امداد کاؤنٹرز قائم کیے جائیں اور ہیٹ ویو بارے تربیت یافتہ اسٹاف کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم رکھا جائے تا کہ معلومات کی ترسیل بروقت جاری رہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق اسکولوں میں بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اچانک اضافے کا خدشہ ہے اور یہ صورتحال شہریوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔