ڈی پورٹ ہوکر آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ فوری بلاک کرنے کا حکم

وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ میں ہوئے اجلاس مین اہم فیصلے لیے گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 اپریل 2025 12:17

ڈی پورٹ ہوکر آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ فوری بلاک کرنے کا حکم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اپریل 2025ء ) دنیا کے دیگر ممالک سے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ فوری بلاک کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم دیا گیا، جس پر پر وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے سے بین الاقوامی برادری کو ایک مثبت پیغام جائے گا، ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ اجلاس میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، اور ڈی جی ایف آئی اے نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کے اقدامات پر بات کی گئی تاکہ شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں، اجلاس میں ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے شرکاء کو بریفنگ دی، جس میں انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جلد موبائل ایپ لانچ کی جائے گی، جس سے پاسپورٹ کے امور میں آسانی پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں وزیر داخلہ نے نئی شرائط کے تمام قانونی امور کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ غیر قانونی امیگریشن اور بھکاریوں کی روک تھام کی جا سکے، محسن نقوی نے نئی نصب شدہ 6 ایم آر پی اور 2 ای پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا، ان مشینوں کی تنصیب سے پاسپورٹ آفس کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا، اس موقع پر وزیر داخلہ نے پاکستان آئی جرمن ٹیم سے بھی ملاقات کی جنہوں نے مشینوں کی تنصیب میں تعاون فراہم کیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے ملاقات کی، اس دوران نو تعینات ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی وقار الدین سید، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا بھی موجود تھے، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مؤثر حکمت عملی تیار کرنے اور ڈی جی این سی سی آئی اے کو سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے چاروں صوبوں میں بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیوں کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث لوگ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں، اس کے علاوہ سائبر سکیورٹی بھی ایک نیا چیلنج ہے، اس لیے این سی سی آئی اے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی اور افسروں کو تربیت کے لیے بیرون ملک بجھوایا جائے گا۔