لاہورچیمبر کی جانب سے پاکستان کے لیے امریکی ٹیرف پابندیاں معطل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم

جمعرات 10 اپریل 2025 17:25

لاہورچیمبر کی جانب سے پاکستان کے لیے امریکی ٹیرف پابندیاں معطل کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے امریکہ کی جانب سے پاکستان پر عائد ٹیرف پابندیاں 90 دن کے لیے معطل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس قدم کو بروقت اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹیرف ریلیف پاکستانی برآمدکنندگان، خصوصاً ٹیکسٹائل اور لیدر سیکٹر کو فوری ریلیف فراہم کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی اور منصفانہ تجارتی مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر امریکہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی اور تجارتی مذاکرات کا آغاز کرے تاکہ اس عارضی ریلیف کو مستقل بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، گارمنٹس، کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات جیسے شعبہ جات کو سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اس عرصے میں ٹیرف میں نرمی سے مکمل فائدہ اٹھا سکیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ میں کمرشل اتاشیوں کو واضح اہداف دیے جائیں تاکہ وہ نئے کاروباری روابط قائم کریں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ برآمدکنندگان کو جلد از جلد ریفنڈز دے، کم شرح سود پر ایکسپورٹ فنانسنگ فراہم کرے اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرے تاکہ برآمدی شعبہ پیداوار بڑھا سکے اور امریکی مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کر سکے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداران نے مزید کہا کہ پاکستان کو امریکہ کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور کاروباری قیادت کو مل کر امریکہ میں پاکستان کے اقتصادی، صنعتی اور تجارتی ماحول کا مثبت تاثر اجاگر کرنا چاہیے تاکہ ملک کو ایک پٴْرکشش تجارتی شراکت دار کے طور پر پیش کیا جا سکے۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے امید کا اظہار کیا کہ یہ امریکی اقدام دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا اور پاکستان کی برآمدات میں واضح اضافہ ممکن ہو سکے گا۔