بیرسٹرسلطان کا رٹھوعہ ہریام برج کی سائٹ کا معائنہ ،پل کی تعمیراتی پراگرس کے متعلق بریفننگ لی

جمعرات 10 اپریل 2025 21:17

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 9 ارب 98 کروڑ 27 لاکھ 45 ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے رٹھوعہ ہریام برج کی سائٹ کا موقع پر جاکر معائنہ کیا اور پل کی تعمیراتی پراگرس کے متعلق بریفننگ لی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر رٹھوعہ ہریام برج محمد عرفان نے پل کی تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو او کی طرف سے اب تک ہونے والی تعمیراتی پراگرس کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ زیر التوا منصوبہ پر کام جاری ہے تاہم وفاق کی طرف سے فنڈز کی فراہمی کے ایشوز ہیں۔

صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یقین دہانی کروائی کہ وہ وفاق سے منصوبہ کے لئے مختص فنڈز کی بروقت فراہمی کروائیں گے۔منصوبہ کی تکمیل کی راہ میں حائل فنڈز کی عدم دستیابی کے ایشوز نہیں بننے دیں گے میں خود وفاقی حکومت سے بات کرونگا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ منگلا ڈیم توسیع منصوبہ کا حصہ ہے جو پہلے ہی طویل عرصہ سے زیر التواء تھا حکومت پاکستان نے اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے فنڈز فراہم کیے اور یہ منصوبہ پاکستان کی معروف اور مایہ ناز تعمیراتی فرم ایف ڈبلیو او کے پاس ہے اس منصوبہ کی تکمیل میں مزید التواء کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی میں اس میں مزید التواء ہونے دونگا۔

انہوں نے پل کے تعمیراتی کام اور پراگرس پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعمیراتی فرم کو فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ اس پل کی تعمیر سے اوورسیز،متاثرین منگلا ڈیم اور اہلیان میرپور ڈویژن کا اہم مطالبہ پورا ہو جائے گا جس سے لوگوں کو کم مسافت میں بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی ۔