سیالکوٹ ٹینری زون اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب

جمعرات 10 اپریل 2025 20:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ٹینری زون اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور تمام ٹینریز کو رواں برس تک اس زون میں منتقل کیلئے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا تعاون ناگزیر ہے۔یہ بات انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اکرام الحق، ڈائریکٹر ایڈمن انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی وسیم احمد چیمہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اویس بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا سیالکوٹ ٹینری زون کے لیے 396 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے جہاں پر تمام ترقیاتی کام اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر گیپکو کی جانب سے سیالکوٹ ٹینری زون کو 2.5 سے 5 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 21 میگا واٹ کے علیحدہ گرڈ سٹیشن پر بھی کام جاری ہے جو 55 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران شیخ نے کہا کہ پنجاب کی موجودہ حکومت نے ماحولیات کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر ان تمام اقدامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت شدید ترین ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور گزشتہ برس 42 فیصد کم بارشوں کی وجہ سے محکمہ موسمیات کے مطابق خشک سالی کی ابتدائی علامات شروع ہو گئی ہیں اور چولستان جو کہ صوبے میں لائیو سٹاک مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے وہ خشک سالی کے خطرناک زون میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے ہر فرد اور ادارے کو مل کر ماحولیات کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے کام کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اور خصوصی طور پر پنجاب میں سردیوں کا موسم ایک میلوں کا موسم ہوا کرتا تھا کیونکہ شدید گرمی کی وجہ سے لوگ سیر و تفریح کے لیے نہیں نکل سکتے تھے اور سردیوں میں میلے ٹھیلوں کا سما ہوا کرتا تھا۔ سموگ کی وجہ سے پنجاب بری طرح متاثر ہو رہا ہے جس سے بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں اور اسی وجہ سے سردیاں کا موسم بھی مشکلات کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔