ض*لاہور ایئرپورٹ پر سخت اسکریننگ، گداگری میں ملوث مسافروں کے خلاف کارروائیاں

-گرفتار 76 مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کیا گیا ہے، ترجمان ایف آئی اے

جمعرات 10 اپریل 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی) نے لاہور ایئرپورٹ میں اسکریننگ کا عمل سخت کرتے ہوئے گداگری میں ملوث 82 مسافروں کے خلاف کارروائیاں کیں اور 76 مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ لاہورائرپورٹ پرمسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے جہاں رواں سال کے دوران لاہورائرپورٹ پر گداگری میں ملوث 82 مسافروں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائیاں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرفتار 76 مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کیا گیا ہے، بھیک مانگنے کے شبہے میں آف لوڈ ہونے والے 6 مسافروں کو گھر بھیج دیا گیا، گرفتار مذکورہ مسافر دنیا کے مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہو کر آئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ زیادہ تر ملزمان سعودی عرب، ایران، عراق اور دیگر عرب ممالک سے ڈی پورٹ ہوئے، ملزمان زیارات اور حج و عمرہ کے لیے ویزے پر گئے اور وہاں پہنچ کر بھیک مانگنا شروع کر دیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ہم نے اعلی حکام کی ہدایت پر مسافروں کی اسکریننگ شروع کر دی ہے۔