خصوصی بچوں کی سماجی خوشیوں میں شراکت داری انہیں احساس محرومی سے نکالنے کا ذریعہ ہے، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر

جمعرات 10 اپریل 2025 21:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کی سماجی خوشیوں میں شراکت داری ان کی تربیت و بحالی کے علاوہ احساس محرومی کے خاتمے کا ذریعہ ہے لہٰذا خصوصی بچوں کو متحرک اور سرگرم رکھنے کیلئے سماجی تقریبات کا انعقاد جاری رہنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم اللسان میں خصوصی بچوں کیلئے منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاسبان گروپ میجر (ر) شاہنواز مہمان خصوصی تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عثمان حبیب، صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، سینئر نائب صدر چوہدری سرفراز احمد، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر قاسم،جنرل سیکرٹری سبحان علی، فنانس سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری طارق نذیر، لیگل ایڈوائزر ایزد محمود ایڈووکیٹ، پرنسپل کلثوم افتخار، وائس پرنسپل شائستہ ارشاد و فیکلٹی ممبرز اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

میجر شاہ نواز، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق و دیگر مہمان بچوں کے کلاس رومز میں گئے، ان کے ساتھ کیک کاٹے اور ان میں کھانے پینے کی اشیاء کے گفٹ پیکٹس تقسیم کئے۔ وہ خصوصی بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے پیار و شفقت کا اظہار کرتے ہوئے عید ملن پارٹی میں ان کی پرعزم شرکت اور خوشیوں بھرے جذبات کو سراہا۔ انہوں نے پلے گروپ سے پوسٹ گریجوایشن سطح پر خصوصی طالب علموں کی عمدہ تعلیم و تربیت، بحالی اور فلاح وبہبود کے حوالے سے تنظیم و اللسان کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے اس طبقے کو مفید شہری بنانے کا یہ اہم فریضہ ہے جس کیلئے اجتماعی کوششیں جاری رہنی چاہئے۔

صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ مختلف سنٹرز میں زیر تعلیم خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیلوں سمیت مذہبی و قومی تہواروں اور دیگر سماجی تقریبات میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ بھی معاشرے کی فعال زندگی کے دائرے میں رہیں۔ انہوں نے آٹزم سمیت دیگر معذوریوں میں مبتلا بچوں کیلئے فراہم کی جانیوالی تعلیم و تربیت اور بحالی کی جدید سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :