ایم ڈی واسا کی زیر صدارت اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ومعیار یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 10 اپریل 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کی روشنی میں شہری سہولیات کی بہتری کے لیے واسا لاہور میں اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کی۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں تمام ڈائریکٹر آپریشنز اور ایکسیئنز نے ویبنار کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام ٹائون ڈائریکٹرز نے ایم ڈی واسا کو اے ڈی پی اسکیموں اور لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی تفصیلی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کاموں کے معیار پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی منصوبے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،ہر منصوبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے فنڈز کے مکمل اور موثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ اسٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے میں تاخیر نہ ہو۔

انہوں نے تمام ترقیاتی منصوبوں کی سائٹس پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے، جاری منصوبوں کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دینے اور کسی بھی قسم کے معیار پر سمجھوتے سے گریز کی واضح ہدایات دیں۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہری سہولیات کی بہتری واسا کی اولین ترجیح اور تمام تر اقدامات اسی جذبے کے تحت کیے جا رہے ہیں۔