حکومت عوام کی خدمت اور بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، نئے انتظامی یونٹس کو بتدریج مکمل فعال بنائیں گے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

جمعرات 10 اپریل 2025 23:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کو بتدریج مکمل فعال بنائیں گے، افسران کیلئے ضروری انفراسٹرکچر تعمیر کریں گے، نئے انتظامی یونٹس، گڈ گورننس اور سروس ڈیلوری کی بہتری کیلئے لازمی تھے،ہماری حکومت عوام کی خدمت اور بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، ہم نے بلاتفریق عوام کی خدمت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا ہے، آئندہ مالی سال کے اے ڈی پی میں نئے انتظامی یونٹس کو مکمل فعال بنانے کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کنسپٹ پیپرز تیار کرکے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام داریل، تانگیر، گوپس / یاسین اور روندو کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

(جاری ہے)

ہم نے عوام کے اس جائز مطالبے کو عملی جامع پہنایا۔ سابقہ ادوار میں نئے چار انتظامی یونٹس بنانے کے قیام کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیااور ہم نے عوام کے مسائل اور محرومی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان انتظامی یونٹس کو فعال بنایا۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تمام نئے انتظامی یونٹس میں تمام محکموں کے سربراہان کیلئے دفاتر اور رہائش کے منصوبے کو نئے اے ڈی پی میں شامل کریں گے۔ ہماری حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ نئے انتظامی یونٹس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو کلکٹر اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔ نئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹس کے قیام سے عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں گے۔

دور دراز علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ عوامی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تانگیر میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر تانگیر دو میگاواٹ پاور پروجیکٹ کو 10مئی تک مکمل کرنے کے بھی ہدایات دیئے۔

بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تانگیر بگیوٹ ہائیر سیکنڈری سکول کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ محدود وسائل کے باوجود تانگیر میں تعلیم اور صحت کی سہولیات عوام کو فراہم کرنے کیلئے مختلف منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔

ہم نے سیاسی وابستگیوں کو بالاتر ہوکر تانگیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ منتخب ممبران کی ترجیح اجتماعی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ داریل تانگیر ایکسپریس وے کی تعمیر سے خطے میں سیاحت اور معیشت کے فروغ ملے گا۔داریل تانگیر ایکسپریس وے منصوبے پر جلد کا آغاز ہوگا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اپنے دورہ تانگیر کے موقع پر 20بیڈ فیملی چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے تانگیر آمد پر تانگیر کے عوام نے والہانہ استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :