فیصل آباد، سرکاری حج سکیم کے تحت پہلی پرواز لاہور انٹرنیشنل ائر پورٹ سے حجاز مقدس روانہ ہو گی

جمعہ 11 اپریل 2025 10:50

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)سرکاری حج سکیم کے تحت پہلی پرواز20،اپریل بروز اتوار کو لاہور انٹرنیشنل ائر پورٹ سے حجاز مقدس روانہ ہو گی جبکہ تمام حج پروازیں فیصل آباد کی بجائے لاہور سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گی، تفصیلات کے مطابق ڈویژن کی سطح پر عازمین کو حج کی معیاری سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈائریکٹر حج رضوان شریف کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرآفس میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر)طیب سمیع سمیت میونسپل کارپوریشن،پی ایچ اے،ریسکیو 1122،ضلع کونسل،ہیلتھ ودیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر حج نے کہا کہ امسال تمام حج پروازیں فیصل آباد کی بجائے لاہور سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد اور گردونواح کے علاقوں سی3500 سے زائد عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے اورسرکاری حج سکیم کے تحت پہلی پرواز20،اپریل بروز اتوار کو لاہور انٹرنیشنل ائر پورٹ سے حجاز مقدس روانہ ہو گی جبکہ مذکورہ حج آپریشن29 مئی 2025ء تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عازمین حج سے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے اس سال حجاج کرام کیلئے شاندار انتظامات کئے ہیں تاکہ وہ پورے خشوع و خضوع اور انہماک و سکون کے ساتھ مناسک حج کی ادائیگی یقینی بناسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنیوالوں کیلئے تمام ممکن اقدامات سمیت رہائشیں بھی حرم شریف کے قریب ترین حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے عازمین حج کی صحت و تندرستی سمیت ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔