سٹیج اور ٹی وی کے معروف کامیڈین مستانہ کی برسی جمعہ کو منائی گئی

جمعہ 11 اپریل 2025 13:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) سٹیج اور ٹی وی کے معروف کامیڈین مستانہ کی برسی جمعہ 11 اپریل کو منائی گئی۔ ان کا اصل نام مرتضیٰ حسن تھا اور وہ 1955 میں گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے لڑکپن میں ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا تھا اور چار دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک سٹیج اور ٹی وی پر اپنے فن کا جادو جگاتے رہے۔

مستانہ نے پنجابی اور اردو دونوں زبانوں کے ڈراموں میں کام کیا۔وہ پنجابی ڈراموں میں اتنی عمدگی سے مکالمہ بولتے کہ ان پر نسلاً پنجابی ہونے کا گماں ہوتا اور جب اردو مکالمے کی باری آتی تو لگتا کہ اردو ان کی مادری زبان ہے۔کامیڈین مستانہ کو فی البدیہہ مکالمے کی ادائیگی کا استاد کہا جاتا تھا۔ان کا سب سے مشہور ڈراما ’کوٹھا‘ تھا جو 90 کی دہائی میں ان کا شاہکار ڈرامہ تھا۔

(جاری ہے)

عطاء الحق قاسمی کے پی ٹی وی کے لیے لکھے ہوئے ڈرامے شب دیگ میں مستانہ کا ’مسٹر کیوں‘ کا کردار بھی عوام میں بے حد مقبول ہوا جو ہر معاشرتی برائی پرسوالیہ نشان اٹھاتا تھا۔مستانہ نے ملک بھر کے تھیٹرز میں کام کیا اور صرف لاہور میں 2 ہزار سے زائد تھیٹر ڈراموں میں کام کیا جن میں عاشقو غم نہ کرو،چن مکھناں،بڑا مزہ آئے گا،لاری اڈا،کوٹھا اور کون جیتا کون ہارا شامل ہیں۔مستانہ طویل علالت کے باعث11 اپریل 2011ء کو بہاولپور میں انتقال کر گئے۔ کامیڈین کی برسی کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور فنکار برادری کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :