Live Updates

اخلاقیات پرپورا اترنے والے ڈرامے کرتا ہوں، حمزہ علی عباسی

بدھ 30 اپریل 2025 22:26

اخلاقیات پرپورا اترنے والے ڈرامے کرتا ہوں، حمزہ علی عباسی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) اداکارہ حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ مبلغ و اسکالر جاوید غامدی بتاتے ہیں کہ مذہب اسلام میں تمام فنون لطیفہ جائز ہیں اور ان کی بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ صرف ان ہی منصوبوں میں کام کریں جو اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہوں۔حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دیگر معاملات کے علاوہ اسلامی و اخلاقی تعلیمات کے مطابق بننے . والے ڈراموں پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بنائے جانے والے زیادہ تر ڈرامے اخلاقی اور اسلامی تعلیمات کے مطابق ہوتے ہیں، ان میں اداکاروں کا لباس بھی زیادہ تر ٹھیک ہوتا ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ 90 فیصد ڈرامے اچھے ہوتے ہیں، چند ڈرامے خراب ضرور ہوتے ہیں جب کہ ڈراموں میں کام کرنے والے 60 فیصد سے زائد اداکاروں کا لباس بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اداکار کے مطابق ڈراموں میں کام کرنے والی خواتین ایسا لباس پہنتی ہیں جس میں ان کے جسم کے خدوخال نظر نہیں ا? رہے ہوتے جب کہ مردوں کا لباس بھی ٹھیک ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ڈراموں میں اداکار شلوار اور قمیض پہنتے ہیں لیکن اگر دوسرا لباس بھی پہنتے ہیں تو اس میں شرٹ لمبی ہوتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی ڈراموں میں ساس اور بہو کے جھگڑے دکھائے جاتے ہیں تو اس میں کوئی بھی غیر اسلامی بات نہیں۔

ان کے مطابق اگر ڈراموں میں غیر ازدواجی تعلقات کو دکھایا جاتا ہے تو ایسے کام کو اچھے کام کے انداز میں نہیں بلکہ غلط کام کے انداز میں دکھایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرامے کے مقابلے فلموں میں مسئلہ ہوتا ہے، وہ اخلاقی اور اسلامی تعلیمات کے عین مطابق نہیں ہوتیں۔حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر فلمیں کرنے سے کتراتے ہیں لیکن اگر وہ کسی فلم میں کام کریں گے تو اس میں اخلاقی اور اسلامی تعلیمات اور احکامات کو مدنظر رکھیں گے۔

اداکار نے کہا کہ وہ مذہب اسلام کی تعلیمات کی ان تشریحات پر عمل کرتے ہیں جو کہ مبلغ و اسکالر جاوید غامدی کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جاوید غامدی کے مطابق مذہب اسلام میں تمام فنون لطیفہ جائز ہیں اور یہ کہ خدا نے بھی فنون لطیفہ کے حوالے سے واضح احکامات دے رکھے ہیں۔حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ اب ان کی زیادہ تر کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ اخلاقی اور اسلامی تعلیمات کے مطابق بننے والے منصوبوں میں کام کریں اور یہ کہ پاکستان کے زیادہ تر ڈرامے عین اخلاقی اور اسلامی تعلیمات کے مطابق بنتے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات