سرگودھا،عدالت نے منشیات فروش کوعمر قید اور 23 لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنا دی

جمعہ 11 اپریل 2025 15:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا کی عدالت نے منشیات فروش کوعمر قید اور23 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ تھانہ فیکٹری ایریاپولیس نے 14 مئی 2023کو دورانِ کاررائی منشیات فروش علی سلیمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اوراس کے قبضہ سے 10 کلو ہیروئن اور 10 کلو افیون برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

تفتیشی ٹیم اور پراسکیوشن نے گرفتارمنشیات فروش علی سلیمان کے خلاف ٹھوس شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر ملزم علی سلیمان کوچالان عدالت کیا اور جرم ثابت ہونے پرعدالت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا شہباز حسین تارڑ نے ہیروئن برآمدگی پرمنشیات فروش علی سلیمان کو عمر قید اور 15 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ افیون برآمدگی پر 20 سال قید بامشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنا دی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف نے کہاکہ سرگودھا پولیس کی بہترین انوسٹی گیشن اور پراسکیوشن کی بدولت مجرمان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں دلوائی جا رہی ہیں۔ منشیات فروش کو منطقی انجام تک پہنچانے پر ڈی پی او نے تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔