ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں اینٹی کرپشن کمیٹی تشکیل

جمعہ 11 اپریل 2025 15:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) پنجاب بار کونسل کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں صدر بار عرفان اللہ وڑائچ نے چیئرمین چوہدری اجمل عباس، وائس چیئرمین میاں ساجد رشید، انعام اللہ بھٹی، چوہدری امجد عباس اور حافظ عمار رضا ایڈووکیٹس پر مشتمل اینٹی کرپشن کمیٹی تشکیل دےدی ہے۔کمیٹی کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان اللہ وڑائچ صدر بار اور چوہدری افضال اسلم سیکرٹری بار نے کہا کہ ایسے تمام افراد جو وکلا کے باوقار پیشہ کے وقار میں تنزلی کا باعث ہیں یا ایسے افراد جنہوں نے پنجاب بار کونسل سے جعلی کاغذات یا جعلی ڈگری کی بنیاد پر لائسنس حاصل کر رکھا ہے یا لائسنس کے بغیر خود کو وکیل ظاہر کرتے ہیں یا وکلا یونیفارم یا اس سے ملتا لباس پہن کر افراد معاشرہ کو دھوکہ دیتے ہیں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی موجودہ وقت کا تقاضا ہے تاکہ دھوکہ ، فراڈ اور بدعنوانی سے پاک ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کی نئی بنیاد رکھتے ہوئے وکلا کے معزز پیشہ کو مزید باوقار بنا کر نظام قانون و انصاف کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے میں کردار ادا کرنا ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اینٹی کرپشن کمیٹی کے اراکین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ یہ معزز ادارہ ایسے بدعنوان افرادسے پاک ہو اور بہترین انداز میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو فوری طور پر یقینی بنانا ممکن ہو سکے۔