اسسٹنٹ کمشنر پسرور کا میونسپل کمیٹی کا دورہ ، شہری سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ

جمعہ 11 اپریل 2025 18:07

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے میونسپل کمیٹی کا دورہ کر کے شہری سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے میونسپل سٹاف کی حاضری چیک کی اور روزمرہ استعمال ہونے والی صفائی مشینری، گاڑیوں اور دیگر آلات کی موجودگی اور فعالیت کا بغور معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی ستھرائی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نے میونسپل افسران کو ہدایت جاری کی کہ شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، گندگی کے ڈھیر فوری طور پر اٹھائے جائیں اور نکاسیٔ آب کے نظام کو فعال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی میونسپل کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے صفائی عملے کے لیے مناسب حاضری نظام، مشینری کی باقاعدہ مینٹیننس اور شکایات کے فوری ازالے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت ایسے اقدامات سے شہر میں بہتری آئے گی۔