وفاقی حکومت کا اسلام آباد میں ورکنگ ویمن ہاسٹل بنانے کا فیصلہ

وزارتِ تعلیم اور وزارتِ انسانی حقوق نے وزیراعظم سے ہاسٹل تعمیر کرنے کی درخواست کی تھی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 12 اپریل 2025 12:04

وفاقی حکومت کا اسلام آباد میں ورکنگ ویمن ہاسٹل بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل 2025ء ) حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ورکنگ ویمن ہاسٹل بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں ورکنگ ویمن ہاسٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے سی ڈی اے بورڈ نے آئی نائن فور میں ورکنگ ویمن ہاسٹل تعمیر کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے، سپیشل ایجوکیشن کے سینٹر کو ورکنگ ویمن ہاسٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ وزارتِ تعلیم اور وزارتِ انسانی حقوق نے ہاسٹل تعمیر کرنے کی درخواست کی کیوں کہ ہاسٹل کی تعمیر سے ورکنگ خواتین کے رہائشی مسائل میں کمی آئے گی، ہاسٹل کی اشد ضرورت ہونے کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا، جس کے بعد وزیرِاعظم نے ورکنگ خواتین کے رہائشی مسائل کم کرنے کے لیے ہاسٹل تعمیر کرنے کی ہدایات دیں، جن کی روشنی میں سی ڈی اے نے وزارتِ تعلیم کو منظوری سے متعلق نوٹی فکیشن بھجوا دیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’آغوش پروگرام‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے ملیں گے، پہلے مرحلے میں صوبے کے 13 اضلاع میں آغوش پروگرام کے تحت نومولود بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کوامداد ی رقم ملے گی، آغوش پروگرام کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ اور کوٹ ادو سے ہوگا، اس کے علاوہ بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں بھی پہلے مرحلے میں آغوش پروگرام میں شامل ہیں۔

صوبائی حکومت کے بیان سے معلوم ہوا کہ پروگرام کے تحت حاملہ خاتون کی پہلی دفعہ مراکز صحت یا مریم ہیلتھ کلینک میں رجسٹریشن پر 2 ہزارروپے دیئے جائیں گے، حاملہ خاتون کو بچے کی پیدائش تک متواتر طبی معائنے کے لیے وزٹ پر امدادی رقم دی جائے گی، مراکز صحت سے مفت طبی معائنے کے بعد آغوش پروگرام کے کیش ایجنٹ سے امدادی رقم حاصل کی جا سکے گی، حاملہ خواتین کو ہر بار مراکز صحت وزٹ کرنے پر 1500 روپے ملیں گے اور یوں ٹوٹل رقم 6 ہزار روپے دی جائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ آغوش پروگرام کے تحت مرکز صحت پر بچے کی پیدائش پر خاتون کو 4 ہزار روپے کا تحفہ ملے گا، پروگرام کے تحت پیدائش کے بعد 15 دن کے اندر پہلے طبی معائنے پر 2 ہزار روپے ملیں گے، پیدائشی سرٹیفکیٹ کا مرکز صحت میں اندارج کروانے پر 5 ہزار روپے دیئے جائیں گے، آغوش پروگرام کے تحت نومولود بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر 4 ہزار روپے اور ہر بار 2 ہزارروپے دیئے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خواتین کی رہنمائی اور معلومات کے لیے خصوصی ٹال فری نمبر بھی جاری کردیا گیا۔