ملتان ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس،متعدد ترقیاتی اسکیموں کی منظوری

ہفتہ 12 اپریل 2025 17:18

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس،متعدد ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دیدی گئی۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں کمشنر عامر کریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ڈویژن بھر کی جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا اور متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئےکمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ قیمتی امانت ہے،جسے بچانے اور اس کے مؤثر استعمال کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کومقررہ وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام الناس کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خانیوال شہر کی متحدہ سڑکوں کی بہتری و بحالی کی 313.2 ملین روپے کی لاگت کی سکیم کی ریوائزڈ اپروول دی گئی،وہاڑی شہر کے مختلف زونز کی سڑکوں کی بحالی اور اپگریڈیشن کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی،جن میں سنٹرل زون کی 311.9 ملین روپے،مغربی زون کی 236.8 ملین روپے اورمشرقی زون کی 247 ملین روپے کی سکیم شامل ہیں۔خانیوال کے علاقے چوک جمال میں 207 ملین روپے کی لاگت سے رورل ہیلتھ سینٹر کی تعمیر و تکمیل کی اجازت دی گئی،جس سے علاقے میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔اجلاس میں متعلقہ ترقیاتی محکموں کے افسران بھی شریک تھے،جنہوں نے اسکیموں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔