گورنر پنجاب سے سیکرٹری داخلہ کی ملاقات، محرم اور بارشوں کی صورتحال پر اہم ہدایات

جمعہ 18 جولائی 2025 23:03

گورنر پنجاب سے سیکرٹری داخلہ کی ملاقات، محرم اور بارشوں کی صورتحال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے ملاقات کی جس میں محرم الحرام، بارشوں کی موجودہ صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ داخلہ ایسی پالیسی مرتب کرے جس کے تحت چار دیواری کے اندر مجالس، میلاد اور دیگر مذہبی اجتماعات کو مکمل آزادی حاصل ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ پرانی، تاریخی اور صدیوں سے منعقد کی جانے والی مذہبی مجالس پر کسی صورت ایف آئی آر درج نہ کی جائے۔محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے گورنر نے کہا کہ فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مسالک، بشمول شیعہ اور سنی، برابر کے مسلمان ہیں اور سب کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

بارشوں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر گورنر پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ ندی نالوں، دریائوں اور برقی آلات سے دور رہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دفعہ 144 کا نفاذ سختی سے یقینی بنایا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔گورنر نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے، جبکہ موجودہ سیلابی صورتحال میں خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے احتجاجی سیاست افسوسناک اور عوامی مفادات کے منافی ہے۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ داخلہ اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، اور پنجاب کے عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔