Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ’’سہولت آن دی گو‘‘ بازاروں کا آغاز

لاہور کے 15 مقامات پر سستے بازار، ابتدائی طور پر 3 مقامات پر کام شروع کردیا گیاہے

جمعہ 18 جولائی 2025 22:54

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ’’سہولت آن دی گو‘‘ بازاروں کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں ’’سہولت آن دی گو‘‘ بازاروں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کا مقصد عوام کو روزمرہ استعمال کی معیاری اشیائے خورونوش سستے داموں اور ایک ہی چھت تلے مہیا کرنا ہے۔ابتدائی طور پر لاہور کے مختلف علاقوں میں 15 مقامات پر ان بازاروں کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جن میں سے تین بازاروں پر کام کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔

گلشن راوی میں پہلا سہولت آن دی گو بازار قائم کیا جا رہا ہے، جہاں سستے داموں اشیاء کی دستیابی، باعزت خریداری کا ماحول اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔بازاروں میں یکساں طرز کے ٹینسائل فیبرک اسٹالز نصب کیے جا رہے ہیں، جو نہ صرف جدید طرز تعمیر کا مظہر ہوں گے بلکہ خریداروں کو صاف ستھرا، محفوظ اور آرام دہ ماحول بھی فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کو دو سے تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح کا انقلابی قدم ہے جو حکومت پنجاب کے ویژن ’’ریلیف فار آل‘‘ کا عملی مظہر ہے۔لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور حکومت عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات