سول سروس ریفارمزپراعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام پرزورسول سروس کی تجدیدِ نو وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیرِاعظم

جمعہ 18 جولائی 2025 22:44

سول سروس ریفارمزپراعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کہ ملکی سول سروس کو جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی سطح پر رائج عوامی خدمت کے معیار سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سول سروس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق عوامی خدمت کا مؤثر نظام تشکیل دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سول سروس کو جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی سطح پر رائج عوامی خدمت کے معیار سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس حکومت کی کارکردگی، پالیسی سازی اور اس پر عملدرآمد میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے اس کی تجدیدِ نو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ انتظامی و اداراجاتی اصلاحات میں نمائندہ سرکاری افسران اور عوامی نمائندگان کی آراء شامل کی جائیں تاکہ ایک مؤثر، جامع اور شفاف ریفارمز پالیسی ترتیب دی جا سکے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے وزیرِاعظم کو سول سروس میں مجوزہ اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ نظام میں بھرتی، پروموشن، ٹریننگ اور اداراجاتی صلاحیتوں کے حوالے سے خاطر خواہ بہتری کی گنجائش موجود ہے جس پر مؤثر حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سول سروس کی استعداد کار بڑھانے اور اسے بہتر کارکردگی کا حامل ادارہ بنانے کے لیے ریفارمز کا نفاذ قومی ترجیح ہونا چاہیے۔