بیوی سے غیرفطری جنسی عمل پر شوہر کو 10 سال قید بامشقت کی سزا

شوہر کی پہلی بیوی نے بھی اسی مسئلے کی وجہ سے عدالت کے ذریعے اس سے طلاق لے لی تھی؛ خاتون کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 11:06

بیوی سے غیرفطری جنسی عمل پر شوہر کو 10 سال قید بامشقت کی سزا
گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) بیوی سے غیرفطری جنسی عمل کرنے والے شوہر کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بیوی سے جبری غیر فطری جنسی عمل پر اس کے شوہر کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے اس کے علاوہ عدالت کی جانب سے ملزم پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

استغاثہ سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے اپنے شوہر محمد عتیق کے خلاف اروپ پولیس میں مقدمہ درج کرایا جس میں اس پر مزاحمت کے باوجود غیر فطری جنسی عمل کرنے کا الزام لگایا گیا، اس حوالے سے خاتون نے مؤقف اپنایا کہ شوہر کی حرکتوں کی وجہ سے میری صحت پر بُرا اثر پڑا ہے، شوہر کی پہلی بیوی نے بھی اسی مسئلے کی وجہ سے عدالت کے ذریعے اس سے طلاق لے لی تھی۔

(جاری ہے)

گجرات پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ خاتون کی درخواست پر پولیس نے ملزم کے خلاف 4 مئی 2024ء کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کیا، جس کے بعد کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے اروپ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ ادھر صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ایک جواری نے جوا ہارنے کے بدلے میں جیتنے والوں سے بیوی کا ریپ کروا دیا، یہ شرمناک واقعہ ضلع وہاڑی کے علاقے ساہوکا تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں جواری نے ہارنے کے بعد جیتنے والوں سے اپنی بیوی کا ریپ کروایا، مبینہ طور پر ریپ کرنے والا شخص اس دوران ویڈیو بھی بناتا رہا اور اس نے خاتون کو اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دی۔

بتایا گیا کہ ملزم اپنے دوستوں سے شرط ہارنے پر انہیں اپنے گھر لے آیا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کی نازیبا ویڈیو بنائی، خاتون کے والد کی شکایت پر ساہوکا پولیس نے اس کے شوہر سمیت تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جب کہ ایف آئی آر میں جوئے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تاہم متاثرہ خاتون اور اس کے والد نے اس واقعے کی بنیادی وجہ جوئے کو ہی قرار دیا۔