عدلیہ کے واضح احکامات کے باوجود مال روڈ پر احتجاج انتظامیہ کی رٹ پر سوالیہ نشان ہے‘ اشرف بھٹی

حکومت باضابطہ قانون سازی کے ذریعے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دے ‘ صدر انجمن تاجران پاکستان

اتوار 13 اپریل 2025 12:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود مال روڈ پر احتجاج اور دھرنوں کا ہونا انتظامیہ کی رٹ پر سوالیہ نشان ہے ، اس طرز کی سر گرمیوں سے نہ صرف عوام کو ٹریفک جام کی صورت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مال روڈ اوراس سے ملحقہ مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہاہے ۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی نے کہا کہ مال روڈ انتہائی اہمیت کی حامل شاہراہ ہے جس پر احتجاج سے عوام کا نظام زندگی اور تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہوتا ہے ، حکومت سے اپیل ہے کہ مال روڈ کے حوالے سے باضابطہ قانون سازی کے ذریعے اسے ریڈ زون قرار دیا جائے ،مال روڈ پر احتجاج اور دھرنوں کے حوالے سے عدلیہ کے واضح فیصلے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی سر گرمیوں کے لئے جگہ مختص کرنے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے پر سول انتظامیہ اور پولیس سے پوچھ گچھ کی جائے ۔انہوںنے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت اور اداروں تک اپنے مطالبات پہنچانا ہوتا ہے نہ کہ راستوں کی بندش سے عام عوام کو مشکل میں ڈال دیا جائے ۔