امریکا میں مقیم معروف پاکستانی کاروباری شخصیت تنویر کی گورنر خیبرپختونخوا سے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات

اتوار 13 اپریل 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) امریکا میں مقیم معروف پاکستانی کاروباری شخصیت تنویر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبہ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تنویر نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی اور اس بات کا اظہار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس خطے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس ایسے تمام اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو نوجوانوں اور خواتین کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں موجود ٹیلنٹ کو اگر مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ملاقات میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے خصوصی منصوبوں، تربیتی پروگرامز اور کاروباری معاونت پر بھی گفتگو کی گئی۔