چیئرمین ایچ ای سی کی امریکا سے گلوبل یوگراڈ پروگرام کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل

اتوار 13 اپریل 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے امریکی حکومت سے درخواست کی ہے کہ گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج (گلوبل یوگراڈ) پاکستان پروگرام پر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، پروگرام کی معطلی سے نہ صرف تعلیمی مواقع بلکہ قومی فخر بھی متاثر ہوگا۔ڈاکٹر مختار احمد نے اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ گلوبل یوگراڈ پروگرام کی معطلی سے پاکستانی طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا کیونکہ وہ اپنی یونیورسٹیوں میں واپس جائیں گےلیکن بلاشبہ اس سے امریکہ کی ثقافتی ہم آہنگی اور تشخص متاثر ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ امریکی پالیسیوں کو بھی داغدار کرے گا، عوام سے عوام کے تعلقات متاثر ہوں گے اور دونوں ممالک کے تعلیمی تبادلوں کے ذریعے قائم خیر سگالی کو نقصان پہنچے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ کینیڈا سمیت متعدد ممالک اب پاکستانی طلبا کے لیے بہترین مواقع پیش کر رہے ہیں جو ممکنہ طور پر اعلیٰ تعلیم کے لیے ترجیحی منزل کے طور پر امریکا سے توجہ اور دلچسپی ہٹا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان خود اپنے طلباء کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے قومی ے تعلیمی شعب کی بہتری اور اپنے نوجوانوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو بھی اجاگر کیا جس سے غیر ملکی پروگراموں پر انحصار کم ہو رہا ہے۔چیئرمین ایچ ای سی نے پاکستانی طلباء کی صلاحیتوں اور مہارتوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی مدد کرنے اور ایسے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جس سے وہ ا پنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں ترقی اور کامیابی حاصل کر سکیں۔