وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی ملک رشید احمد خاں کا بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کا اچانک دورہ

حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے‘وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی

اتوار 13 اپریل 2025 19:25

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی، ملک رشید احمد خان نے بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کا بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے ہسپتال کی مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں سے براہ راست بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ادویات کی مفت فراہمی سے متعلق استفسار کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ملک رشید احمد خاں نے ہسپتال کے صفائی کے نظام، ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔