ہماری مٹی دنیا کی بہترین فصلیں اُگا سکتی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 13 اپریل 2025 20:00

سیالکوٹ ،13 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیساکھی کا تہوار نہ صرف پنجاب کی ثقافتی پہچان ہے بلکہ یہ کسانوں کی محنت، عزم اور قربانی کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو سجاد میموریل سپورٹس کمپلیکس کوبے چک میں بساکھی میلہ کے موقع پر منعقدہ ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری مٹی میں وہ طاقت ہے جو دنیا کی بہترین فصلیں اُگا سکتی ہے لیکن اس مٹی کی اصل طاقت وہ کسان ہے جو پسینہ بہا کر ہماری زمین کو زرخیز بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں باہمی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور محنت کے ذریعے ترقی کے سفر کو تیز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیساکھی کا رنگ صرف میلوں ٹھیلوں، ڈھول کی تھاپ اور بھنگڑے تک محدود نہیں بلکہ یہ تہذیبی بیداری، روحانی تجدید اور قومی ہم آہنگی کا تہوار ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو اپنی روایات، لوک ورثے اور ثقافتی شناخت سے جوڑیں تاکہ ہم ایک مضبوط اور باوقار قوم بن سکیں۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے شرکاء، فنکاروں، کسانوں اور نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیساکھی کا پیغام سادہ مگر گہرا ہے، محنت کرو، اپنی زمین سے محبت کرو، اپنے کلچر پر فخر کرو اور اپنی شناخت کو نہ صرف محفوظ رکھو بلکہ دنیا کے سامنے فخر سے پیش کرو یہی ہمارے بزرگوں کا پیغام ہے اور یہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے۔