ڈپٹی کمشنر لورالائی کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

اتوار 13 اپریل 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) افغان شہریوں کی باعزت اور رضاکارانہ وطن واپسی سے متعلق ایک اہم اجلاس آج ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی احمد سلطان، افغان قبائلی عمائدین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کی پالیسی اور افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو پرامن، منظم اور سہولت یافتہ بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان قبائلی عمائدین نے اجلاس کے دوران یقین دہانی کروائی کہ وہ رضاکارانہ واپسی کے عمل میں بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین آئندہ چند دنوں میں منظم گروپوں کی صورت میں افغانستان روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ لورالائی نے افغان شہریوں کی واپسی کے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس ضمن میں ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس میں افغان عمائدین کی جانب سے پیش کیے گئے تحفظات کو بھی سنا گیا، جن کے حل کی یقین دہانی ضلعی انتظامیہ نے دی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ عمل حکومتی پالیسی کے تحت مکمل احترام، سہولت اور سکیورٹی کے ساتھ انجام پائے گا۔

متعلقہ عنوان :