وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی واہڑ آمد، والد کی برسی پر مزار پر حاضری اور دعا

پیر 14 اپریل 2025 17:11

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی واہڑ آمد، والد کی برسی پر مزار پر ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنے والد اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کی 18ویں برسی کے سلسلے میں واہڑ پہنچے، جہاں انہوں نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اپنے والد کی برسی میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور دعا کی ہے کہ وہ بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بے لوث خدمت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ برسی کے موقع پر کوئی جلسہ منعقد نہیں کیا گیا بلکہ صرف قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 18 اپریل کو حیدرآباد میں جلسے کا اعلان کیا ہے، جس میں عوام کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ اعظم سواتی کو مذاکرات کا مینڈیٹ کس نے دیا ہے، تاہم ہماری خواہش ہے کہ پی ٹی آئی مثبت سیاست کو اپنائے اور ملک و قوم کے مفاد میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیہون شہر سمیت دیگر علاقوں میں امن و امان کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ، سابق ایم این اے سکندر راہپوٹو، سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید اعجاز علی شاہ، محمد سلیم باجاری، امان اللہ شاہانی، سردار حاکم خان نوحانی، مخدوم ضمیر، سید آصف علی شاہ، ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، ڈپٹی کمشنر سید علی مرتضیٰ شاہ، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔