بی آئی ایس پی اور جاز کیش کے مابین ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 14 اپریل 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) ملک بھر کے 15 اضلاع اسلام آباد، لاہور، ملتان، کراچی، سکھر، پشاور، لکی مروت، استور، گلگت، دیامر، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، مظفرآباد، جعفرآباد اور نیلم میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 150,000 بی آئی ایس پی مستحقین کے بچت اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔مستحقین کی 500 روپے سے 1000روپے ماہانہ بچت پر حکومت پاکستان کی جانب سے بی آئی ایس پی کے ذریعے سہ ماہی بنیادوں پر 40 فیصد اضافی رقم ادا کی جائے گی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) اور جاز کیش کے مابین معاشرے کے کم آمدنی والے طبقات میں بچت کے رجحان کو فروغ دینے کے لئے ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم کے تحت ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی ڈاکٹر عاصم اعجاز اور سی ای او جاز کیش مرتضیٰ علی نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور ، ورلڈ بینک سے امجد ظفر خان اور جاز کیش کے سربراہ پبلک سیکٹر پارٹنرشپس آصف چوہدری بھی موجود تھے۔اس اقدام کے تحت اسلام آباد، لاہور، ملتان، کراچی، سکھر، پشاور، لکی مروت، استور، گلگت، دیامر، کوئٹہ، قلعہ سیف آباد، مظفر آباد ، جعفر آباد اور نیلم سمیت 15 پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر 150,000 بی آئی ایس پی مستحقین کے لئے بچت اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی اورمستحقین میں رقوم کی باعزت اور شفافیت انداز میں تقسیم کو یقینی بنانے کے اس منصوبے کو صحیح سمت میں ایک قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بینک اکاؤنٹس کھولنے سے قدرتی آفات کے دوران بچت کی ہوئی رقم معاون ثابت گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری ہماری مستحق خواتین کی رقوم کے حصول کو آسان بناتے ہوئے ان کی معاشی بااختیار ی میں مدد دے گی۔

اس طرح کے تجربات کے ذریعے خواتین نہ صرف بچت کرتی ہیں بلکہ بہت کچھ نیا بھی سیکھتی ہیں۔ انہوں نے خواتین دستکاریوں کو مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں سے منسلک کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے کہا کہ یہ بی آئی ایس پی کی 16 سالہ تاریخ میں رقوم کی تقسیم میں پہلی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ہے۔

جاز کیش اور ورلڈ بینک کے تعاون سے ہم اس پروجیکٹ کو شروع کر رہے ہیں، جو ایچ ایس پی ایس کے سبسکرائبرز کو ماہانہ 500 روپےیا 1,000 روپے بچت کی ترغیب دیتا ہے جس میں ہر تین ماہ بعد حکومت پاکستان کی جانب سے بی آئی ایس پی کے ذریعے 40 فیصد اضافی رقم دی جائے گی۔ جاز کیش کے سی ای او مرتضیٰ علی نے کہا کہ آج ہم غربت کے خاتمے اور مالیاتی خود انحصاری کو فروغ دینے کے مشن میں، خاص طور پر خواتین کے لئے بی آئی ایس پی کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط کر رہے ہیں، ہم مالی شمولیت کے نظام کے تحت پسماندہ کمیونٹیز کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں ۔ ورلڈ بینک کی جانب سے امجد ظفر خان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اس کے مثبت اثرات کے لئے امید کا اظہار کیا۔