میرپورخاص،غیرملکی فوڈ چین کو آگ لگانے ، پولیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار، ملزمان کی تعداد 37ہوگئی

پیر 14 اپریل 2025 22:35

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)میرپورخاص میں غیر ملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار کرلیا گیا،ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے میں گرفتار ملزمان کی تعداد 37ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میرپورخاص میں غیرملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملہ کرنے کے مقدمے میں گرفتار 36ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے 36ملزمان میں سے 22کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے جبکہ 14ملزمان کو جیل بھیج دیا۔ملزمان نے 8اپریل کی رات غیر ملکی فوڈ چین پر پتھرا ؤکیا اور آگ لگا دی تھی جبکہ موقع پر پہنچنے والی پولیس پر بھی حملہ کیا، پولیس نے 200ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی ویڈیو اور تصاویر کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔