سینئر صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی کا گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا دورہ، اہم فیصلوں کی منظوری

پیر 14 اپریل 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) سینئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات میر ظہور بلیدی کے دورہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے موقع پر اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب نثاراحمد لانگو، چیئرمین بی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ جاوید، ڈسٹرکٹ پولیس حب کے پی ایس پی افسر سید فاضل شاہ بخاری، پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن نمائندگان چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈر ز کی معاونت سے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر نگرانی ایجوکیشن سیکٹر اور ہیلتھ سیکٹر کے حوالے سے جامع پلان تیار کیا جائیگا ٹی سی ایف اسکولوں کے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بی ڈی اے فراہم کریگی شپ بریکنگ یارڈ سے ملحقہ ویلیجز کو پانی سپلائی کیلئے واٹرٹینک تعمیر کئے جائیں گے ، سمندری کٹاؤ سے متاثرہ یارڈ زکے توسیعی منصوبوں کے لئے مطلوبہ اراضی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈکو مستقل انڈسٹری ڈکلیئر کرنے کیلئے شپ بریکنگ ایکٹ کی جلد منظوری حاصل کی جائیگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ انکے دورے کا فوکس عوام الناس اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل ہیں تاکہ انکے بروقت حل سے معاملات کو سلجھایا جائے میر ظہور بلیدی نے کہا کہ حکومت نے معاہدہ کیا ہے کہ جون 2025شپ ری سائیکلنگ کے حوالے سے ہانگ کانگ کنونشن روڈ میپ پر مکمل عملدرآمد کیا جائیگا اس سلسلے میں گرین یارڈ قیام اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے پیشرفت کی جانب قدم بڑھانا ہوگا دنیا بھر میں بنگلہ دیش سمیت کہیں بھی ایسا موزوں ترین یارڈنہیں ہے جو پاکستان کے پاس ہے گڈانی شپ بریکنگ ماڈل یارڈ بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے کمیونٹی کو ترقیاتی عمل میں شامل کرکے گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری دنیا کی ٹاپ انڈسٹریز میں مقام پیداکرسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ تین ماہ کے اندر دورہ گڈانی کے کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کو یقینی بنائیں گے جس طرح گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر نگرانی گوادر میں تعلیم وصحت کے مراکز قائم ہوئے اسی طرح بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو کام کرنا ہوگا۔