وزیراعلی بلوچستان اور ان کی کابینہ اتحادی جماعتوں کے تعاون سے جو پالیسیاں مرتب کررہی ہے اس کے دوررس نتائج مرتب ہونگے، سینیٹر منظوراحمد

منگل 15 اپریل 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر منظوراحمد کاکڑنے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی اور ان کی کابینہ اتحادی جماعتوں کے تعاون سے جو پالیسیاں مرتب کررہی ہے اس کے دوررس نتائج مرتب ہونگے ، صوبے میں عوامی مفادعامہ کے منصوبوں نوجوانوں کو تعلیمی مواقع کی فراہمی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے پاکستان اور بیرون ملک روزگارکی فراہمی بلوچستان کے نواجونوں میں اعتماد کی بحالی کا ذریعہ بن رہی ہے ، آج بلوچستان کا ہر باسی کھوکھلے نعروں کو مسترد کرکے حقیقی اقدامات کو سہراتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے طلباء اور قبائلی عمائدین کے مختلف وفود سے گفتگوکے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹرمنظور احمد کاکڑ نے کہا کہ مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے احتجاج اور دھرنے کسی صورت بھی بلوچستان کے مفادمیں نہیں بلکہ یہاں بلند وبانگ نعرے لگانے والے اپنی سیاسی کشتی پار لگانا چاہتے ہیں مگر آج انہیں یہ واضح ہوچکا ہے کہ بلوچستان کے غیورعوام ان کی اس منافقانہ سیاست کو رد کرچکے ہیں ، بلوچستان اب کسی کے بھی سیاسی مفادات کے لئے کی جانے والی نفرت کی سیاست کو برداشت نہیں کرے گا ، ایسے عناصر اب اپنی سیاسی موت دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جس طرح صوبے کی ترقی خوشحالی اور عوامی مفادات کی تکمیل کے لئے ترجیحی منصوبوں کا آغاز کیا ہے وہ قابل ستائش ہے اور اس کے لئے وزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی ان کی کابینہ اور مخلوط حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں مبارک باد کا حق رکھتی ہیں اور وقت دور نہیں کہ جب بلوچستان کو ترقی کی وہ منازل حاصل ہوجائیں گی جس کا خواب اہلیان بلوچستان نے ملکر دیکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :