گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں 2روزہ بُک فئیر اینڈ لٹریری فیسٹیول کا افتتاح کر دیا گیا

منگل 15 اپریل 2025 12:54

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی (جی سی)سیالکوٹ میں 2 روزہ بُک فئیر اینڈ لٹریری فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق اور وائس چانسلرگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کتب میلے کا افتتاح کیا۔

15اور 16 اپریل تک جاری رہنے والے اس کتب میلے میں 20 کےقریب کتب فروشوں نے اپنے سٹالز لگائے جہاں ہزاروں کی تعداد میں کتابیں رکھی گئی ہیں۔ سیالکوٹ کے سب سے بڑے اس کتاب میلے میں کتابوں کی خریداری پرکم سے کم 30 سے 50 فیصد تک کی خصوصی رعایت بھی دی جا رہی ہے۔ خواتین اور فیملز کے لیے انٹری بالکل مفت ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق کتابوں سے دوستی ادب سے محبت ہے اور یہ ایک ایسا علمی و ادبی میلہ ہے جہاں علم، فن اور تخلیق کے رنگ ہوں گے۔

وائس چانسلرگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نےمعزز مہمانوں کے ساتھ کتب میلے کے سٹالز کا دورہ بھی کیا اور یہاں موجود کتابوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ یونیورسٹی کی طالبات نے اس کتب میلے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔طالبات کا اس کتب میلے کے حوالے سے کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یہ ایک انتہائی احسن قدم ہےجس سے ہمیں نصابی و غیر نصابی ہر قسم کی کتابیں اپنی دہلیز پر دستیاب ہیں اور وہ بھی انتہائی کم قیمت پر جس پر ہم یونیورسٹی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں ۔ یونیورسٹی طالبات کے علاوہ مختلف فیملز نے بھی اس کتب میلے کا دورہ کیا اور کتابوں میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے مختلف کتابیں خصوصی رعایت پر خرید کر خوشی کا اظہار کیا۔