حج سیزن میں مکہ مکرمہ داخلے کے پرمٹ کیلئے نیا پلیٹ فارم لانچ

اندرون و بیرون مملکت سے عازمین حج کے علاوہ مملکت میں مقیم افراد کے لیے بھی پرمٹ جاری کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 اپریل 2025 13:16

حج سیزن میں مکہ مکرمہ داخلے کے پرمٹ کیلئے نیا پلیٹ فارم لانچ
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2025ء ) سعودی عرب نے عازمین اور مقیم غیرملکیوں کی آسانی کیلئے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے پرمٹ کے حصول کیلئے نیا پلیٹ فارم لانچ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی کے اشتراک سے ایک نیا اور جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے جسے ’تصریح پلیٹ فارم‘ کہا جاتا ہے، یہ پلیٹ فارم حج کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخلے کے اجازت نامے جاری کرنے کے لیے لانچ کیا گیا ہے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے اندرون و بیرون مملکت سے عازمین حج کے علاوہ مملکت میں مقیم ان افراد کے لیے پرمٹ جاری کیا جائے گا جن کو حج سیزن کے دوران پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کیلئے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ آنا جانا ہوتا ہے، تصریح پلیٹ فارم کا مقصد تمام داخلی و خارجی حجاج کرام اور حج کے عملے کو باقاعدہ اجازت نامے جاری کرنا ہے تاکہ وہ حج سیزن میں مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات آ جا سکیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یہ نظام وزارت حج و عمرہ کے نسک پلیٹ فارم سے تکنیکی طور پر مربوط ہے جس سے اجازت ناموں کے اجراء میں شفافیت، تیزی اور سہولت میسر آتی ہے، یہ پلیٹ فارم نا صرف حجاج کے لیے بلکہ حج کے تمام رضاکاروں، عملے اور ان کی گاڑیوں کے لیے بھی اجازت نامے جاری کرتا ہے، ان اجازت ناموں کو قومی ایپلی کیشن توکلنا کے ذریعے با آسانی دیکھا جا سکتا ہے، تصریح پلیٹ فارم جدید ٹیکنالوجی، حکومتی اداروں کے باہمی تعاون اور حجاج کرام کی خدمت میں بہتری کی ایک بہترین مثال ہے، یہ ایک نئی انقلابی پیشرفت ہے جو حج کے نظام کو مزید مربوط، منظم اور آسان بناتی ہے۔

تصریح پلیٹ فارم کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر موجود سکیورٹی اداروں کو میدان ایپلی کیشن کے ذریعے اجازت ناموں کی خود کار جانچ اور تصدیق کی سہولت دیتا ہے، اس سے ناصرف وقت کی بچت ہوتی ہے بلکہ سکیورٹی عمل مزید مؤثر ہو جاتا ہے، یہ پلیٹ فارم سعودی عرب کے وژن 2030ء کے تحت ”ضیوف الرحمٰن پروگرام“ کے اہداف کی تکمیل کا بھی حصہ ہے، جس کا مقصد حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا اور ان کے حج کے تجربے کو مزید آسان و آرام دہ بنانا ہے۔