مظفرگڑھ میں ماموں اور کزن کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار لڑکی نے خود کشی کرلی

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا، لڑکی کی لاش کے نمونے لے کر فارنزک ٹیسٹ کیلئے لاہور بھجوا دیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 اپریل 2025 17:19

مظفرگڑھ میں ماموں اور کزن کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار لڑکی نے خود ..
مظفرگڑھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2025ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں ماموں اور قریبی رشتے دار کی زیادتی کا شکار 16 سالہ لڑکی نے مبینہ خودکشی کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ماموں اور قریبی رشتے دار کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد 16 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ لڑکی کی لاش کے نمونے لے کر فارنزک ٹیسٹ کےلیے لاہور بھجوا دیئے گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 12 اپریل کو مقتولہ کی گھر کے ایک کمرے سے پھندا لگی لاش ملی، معاملے کی تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا لڑکی شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی، مرنے سے ایک روز قبل لڑکی نے اپنے والد اور بہن کو بتایا تھا کہ 2 ماہ قبل اس کے ماموں اور رشتے دار نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کو شبہ تھا کہ وہ حاملہ ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کی حدود میں گھروں میں کام کاج دلوانے کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو عصمت فروشی پر مجبور کرنے والے میاں بیوی اور بیٹا کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ’ملزم عامر عباس کوٹ ادو سے لڑکی کو گھروں میں کام کاج کے بہانے راولپنڈی لے کر آیا جہاں ملزم نے زیادتی کرکے ان کی ویڈیو بنائی اور بلیک میل کرکے عصمت فروشی پر مجبورکیا، ملزم عامر عباس کے ساتھ اس کی اہلیہ ثمینہ اور اس کا بیٹا زمان اور فرزانہ نام کی عورت بھی ملوث ہے‘، پولیس نئے مدعیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم عامر عباس، اس کی بیوی ثمینہ اور بیٹے زمان کو گرفتار کرلیا جب کہ متاثرہ لڑکی کے میڈیکل پراسس کا آغاز کر دیا گیا۔