بھارتی ریاست گجرات کے قبائلی رہنما بی جے پی سے مستعفی، ملک آئین کے مطابق نہیں چل رہا، مہیش وساوا

منگل 15 اپریل 2025 21:00

احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) بھارتی ریاست گجرات کے سابق رکن اسمبلی اور قبائلی رہنما مہیش وساوا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دیا اورپارٹی پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق نہیں چلایاجارہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قبائلی سیاست دان چھوٹو وساوا کے بیٹے مہیش وساوا نے بی جے پی گجرات کے صدر سی آر پاٹل کو اپنا استعفی پیش کیا۔

یہ ایک علامتی اقدام ہے جس سے پارٹی سے ان کی مایوسی کی نشاندہی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

وساوا نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ملک کو آئین کے مطابق نہیں چلایا جا رہا ۔انہوں نے کہاکہ آدیواسی، دلت، او بی سی، مسلمان، عیسائی، سکھ اور دیگر پسماندہ برادریاں متحد ہو کر آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریے کا مقابلہ کریں گی۔انہوں نے اپنے والد چھوٹو بھائی وساوا کی قائم کردہ بھارتیہ ٹرائبل پارٹی میں واپس جانے کااعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ میں بی ٹی پی کے لیے کام کروں گا۔ مہیش وساوا کا استعفیٰ پسماندہ کمیونٹیز اور حزب اختلاف کے ساتھ بی جے پی کی بڑھتی ہوئی دوری کی عکاسی کرتا ہے۔