9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس،گواہان کی عدم حاضری ،کارروائی نہ ہو سکی

عدالت نے گواہان کو آئندہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا

بدھ 16 اپریل 2025 15:14

9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس،گواہان کی عدم حاضری ،کارروائی نہ ہو سکی
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میںگواہان کی عدم حاضری کے باعث کارروائی نہ ہو سکی، عدالت نے گواہان کو آئندہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔بدھ کوراولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں9 مئی کے روز جی ایچ کیو پر حملے کے کیس کی سماعت ہوئی۔کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید، شیخ راشد شفیق و دیگر ملزمان، پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اور پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔استغاثہ کے گواہان کی عدم حاضری کے باعث کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔عدالت نے گواہان کو آئندہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی ہوئی ہے، استغاثہ کے گواہان موجود نہیں تھے، عدالت نی2 گواہان، مجسٹریٹ اور مدعی مقدمہ کو طلب کر رکھا تھا۔

وکیل فیصل ملک نے بتایا کہ عدالت سے استدعا کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، ایک ہی نوعیت کے تمام مقدمات کو یکجا کر کے ایک ساتھ ٹرائل شروع کیا جائے۔