Live Updates

بھارت اس وقت جذباتی اور غیر معقول اقدامات کررہا ہے، بلاول بھٹو

وزیراعظم شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہیں، بھارت اگرپاکستان کے خلاف پانی کی بندش کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہے تو اس کا مطلب اعلان جنگ ہو گا، چیئرمین پیپلزپارٹی کا برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 اپریل 2025 16:35

بھارت اس وقت جذباتی اور غیر معقول اقدامات کررہا ہے، بلاول بھٹو
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل 2025)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت اس وقت جذباتی اور غیر معقول اقدامات کررہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہیں، برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بھارتی حکومت اگرپاکستان کے خلاف پانی کی بندش کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہے تو اس کا مطلب اعلان جنگ ہو گا۔

پاکستان کومقبوضہ کشمیرمیں دہشتگرد حملے یا ایل اوسی پرفائرنگ شروع کرنے سے کیا فائدہ ہوگا؟ پاکستان ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا جواب دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ماضی میں بھی الزامات عائد کئے گئے لیکن پاکستان نے ماضی سے سبق سیکھا ہے اور آگے بڑھ چکا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کہہ چکی ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے فیصلے پر عمل درآمد کو فعال جنگ سمجھا جائے گا۔

جنگ ہوتی ہے تو خون بہتا ہے۔ پاکستان کے پاس ایسے دریا نہیں جن کو ہم جوابی طور پر بھارت کے خلاف روکیں۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب میں وزیر خارجہ تھا تو پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا گیا۔ گرے لسٹ سے نکالنے کا مطلب عالمی برادری تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کا دہشت گرد گروپوں سے کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت واقعی دہشتگردی کا خاتمہ چاہتا ہے تو مذاکرات ہی واحد حل تھے۔بھارت نے پہلگام حملے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات سے انکار کیا تو وہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو جائے گا۔ بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہا تو تمام دو طرفہ معاہدوں پر نظرثانی کی جا سکتی تھی۔آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پہلگام حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشتگردی سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔

بھارت ہر دہشتگرد واقعے کے فوراً بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگا دیتا تھا۔ بھارت کشمیر تنازع کو آبی مسائل سے جوڑ کر اپنی قانونی کمزوری چھپانے کی کوشش کر رہا تھا۔ گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر ریاستی عناصر ایک مشترکہ مسئلہ تھا جن کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مربوط حکمت عملی ضروری تھی۔ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کیلئے تیار رہا تھا جبکہ بھارت مسلسل ان سے گریز کرتا آیا تھا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات