مظفرآباد ،چہلہ سپلائی روڈ کا قبرستان محکمہ اوقاف میں چھپی کالی بھیڑوں کی نذر ہونے لگا

بدھ 16 اپریل 2025 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) شہر اقتدار مظفرآباد کا مصروف ترین گنجان آباد علاقہ چہلہ سپلائی روڈ کا قبرستان محکمہ اوقاف میں چھپی کالی بھیڑوں کی نذر ہونے لگا، پانچ کنال آٹھ مرلے مختص شدہ رقبہ سے خواجہ اشفاق نامی محکمہ اوقاف کا ریٹائرڈ اہلکار لوگوں کو فروخت کرنے لگا۔ کئی ایک سے بھاری رقوم حاصل کر لیں۔

عوام علاقہ کا شدید احتجاج۔ محکمہ اوقاف کے ریٹائرڈ اہلکار خواجہ اشفاق سے وصول شدہ رقم واپس کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق چہلہ بانڈی کے رہائشی بشیر اعوان،رفیق اعوان، فاروق اعوان، لطیف قریشی، صادق قریشی، پرویز قریشی، حنیف اعوان سراپا احتجاج بن کر ڈپٹی میئر بلدیہ خالد اعوان کے گھر پہنچ گئے۔ قبرستان کا رقبہ واگزار کروانے کا مطالبہ بصورت دیگر اپنا جمہوری حق احتجاج کرنے کا عندیہ دے دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عوام علاقہ کے وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت ڈپٹی کمشنر مظفرآباد و دیگر محکمہ مال کے سینیئر آفسران سے بھی ملاقات کی ہے، جس پر نشاندہی اراضی نمبرات خسرہ 561 562 تعدادی پانچ کنال آٹھ مرلے موضعہ چہلہ بانڈی کروائی گئی جو کہ قبرستان کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ بعد از نشاندہی بلدیہ عظمی اور ایم سی ڈی پی کے تحت قبرستان کی حفاظتی دیوار بھی نصب کی گئی۔

محکمہ اوقاف کے ریٹائرڈ اہلکار خواجہ اشفاق نے مقامی بعض افراد کی مبینہ ملی بھگت سے قبرستان کے رقبہ کو اونے پونے فروخت کر کے رقم محکمہ اوقاف کے اکاؤنٹ میں جمع کروانا شروع کر رکھا ہے۔ جس کا انکشاف ہونے کے بعد عوام علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا مگر تا حال اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی عمل میں نہ لائی جا سکی ہے اور نہ ہی قبرستان کا مختص کیا گیا پانچ کنال آٹھ مرلے رقبہ واگزار کروایا جا سکا اور نہ ہی اس کی نشاندہی کے بعد حفاظتی دیوار کو مکمل کیا جا سکا۔

عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف سے ریٹائرمنٹ ہونے کے باوجود ایک ریٹائرڈ اہلکار کو کمیٹی میں شامل کرنا چہہ معنی دارد۔ خواجہ اشفاق نامی اہلکار مقامی لوگوں کو کہہ رہا ہے کہ وہ یہاں پر اپنے غیر قانونی شیلٹر نصب کرنے سمیت دیگر تعمیرات کریں وہ ان کی پشت پناہی کرے گا۔ جس پر قبضہ مافیا کے لوگ پانچ کنال آٹھ مرلے قبرستان کے لیے مختص شدہ رقبہ پر شیلٹر اور دیگر تعمیرات کر کے قبضہ جما رہے ہیں۔

عوام علاقہ و دیگر نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سمیت چیف سیکرٹری آزاد کشمیر،کمشنر و ڈپٹی مئیر خالد اعوان و دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سپلائی روڈ چہلہ بانڈی قبرستان کے لیے مختص شدہ پانچ کنال آٹھ مرلے رقبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ عوام علاقہ نے ڈپٹی مئیر خالد اعوان و منتخب کونسلر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پانچ کنال آٹھ مرلے قبرستان کا رقبہ واگزار کروانے سمیت اس کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔