لاہور ہائیکورٹ، کرپٹو کرنسی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والا مرکزی ملزم درخواست ضمانت خارج ہونے پر فرار

بدھ 16 اپریل 2025 17:37

لاہور ہائیکورٹ، کرپٹو کرنسی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والا  مرکزی ملزم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے کرپٹو کرنسی ویب اکائونٹ کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والے چھ رکنی گینگ کے مرکزی ملزم کی درخواست قبل از گرفتاری ضمانت خارج کر دی،ملزم ضمانت خارج ہونے پر ایف آئی اے حکام کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ نے ملزم سلمان خالد کی قبل از گرفتاری ضمانت پر سماعت کی،مقدمہ کا مدعی آصف شہزاد عدالت میں پیش ہوا،ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہد شوکت نے دلائل دیئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف گیارہ دسمبر2024 کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ فیصل آباد نے مقدمہ درج کیا،درخواست گزار کے خلاف درج مقدمہ ناقابل دست اندازی جرم ہے،عدالت سے درخواست ہے کہ ضمانت منظور کرے،سرکاری وکیل نے بتایاکہ ملزم نے ایکس میکس پرو کے نام سے کرپٹو کرنسی ویب سائٹ بنا رکھی ہے،ملزم کے گینگ میں چھ دیگر افراد شامل ہیں جو مفرور ہیں،مفرور ملزمان میں جاوید،اشفاق،سجاد،مزمل حسین اور شرجیل شامل ہیں،ملزمان نے کرپٹو کرنسی خرید و فروخت کیلئے مختلف اکاونٹس میں مدعی سے50 لاکھ81 ہزار روپے وصول کئے،ملزم اور مدعی کی موبائل بات چیت ٹیکنیکل رپورٹ میں درست قرار پائی ہے،استدعا ہے کہ عدالت قبل از گرفتاری درخواست ضمانت خارج کرے،عدالت نے درخواست قبل از گرفتاری ضمانت خارج کر دی،ملزم ضمانت خارج ہونے پر ایف آئی اے حکام کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔