بھارتی عدالت نے حزب المجاہدین کے سربراہ کو اشتہاری قراردے دیا

بدھ 16 اپریل 2025 22:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ایک عدالت نے 2002کے ایک قتل کیس میں حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو اشتہاری قراردیتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرنسپل سیشن جج بڈگام اوم پرکاش بھگت کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہاگیا ہے کہ یہ ہدایت سی آر پی سی کی دفعہ 512 کے تحت جاری کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹس کے مطابق تفتیشی افسر اور اسٹیشن ہائوس آفیسر نے تصدیق کی کہ وادی کشمیر میں صلاح الدین کو تلاش کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق سید صلاح الدین پر 1994میں آزادکشمیرمنتقل ہونے کے بعد سے عسکریت پسندی کو منظم کرنے کا الزام ہے جس میں عسکریت پسندوں کو تربیت دینا اور مسلح کرنا بھی شامل ہے۔سید صلاح الدین کشمیری مجاہدین کی سب سے بڑی تنظیم حزب المجاہدین کے امیر اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ بھی ہیں۔ ان کے دو بیٹے شاہد یوسف اور شکیل یوسف اس وقت دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔