برطانوی پارلیمنٹ میں قائم اے پی پی جی اور پاکستان یوکے فرینڈ شپ گروپ میں روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق

بدھ 16 اپریل 2025 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)برطانوی پارلیمنٹ میں قائم اے پی پی جی اور پاکستان یوکے فرینڈ شپ گروپ میں روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہواہے۔تفصیلات کے مطابق پاک برطانیہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس وزیر مملکت ریلوے اور گروپ کے کنوینئر بلال اظہر کیانی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن اور پارلیمنٹری انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ فار فیتھ، کمیونٹیز اینڈ ری سیٹلمنٹ لارڈ واجد خان اور پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنرجین میریٹ نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں گروپ کنوینئر بلال اظہر کیانی اور ارکان پارلیمان نے لارڈ واجد خان اور ہائی کمشنر جین میریٹ کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لارڈ واجد خان اور ہائی کمشنر جین میریٹ نے اجلاس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور گروپ کے فروغ کے لئے کاوشوں پر کنوینئر بلال اظہر کیانی اور اراکین پارلیمان کے کردار کو سراہا۔ اجلاس میں پاک برطانیہ باہمی تعلقات، دوطرفہ تجارت کے فروغ کے علاوہ مسئلہ کشمیر، فلسطین، اسلامو فوبیا،ماحولیاتی تبدیلیوں اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

معزز مہمان اور فرینڈ شپ گروپ کے ارکان میں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی ۔برطانوی پارلیمنٹ میں قائم اے پی پی جی اور پاکستان یوکے فرینڈ شپ گروپ میں روابط کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ۔ اجلاس میں ارکان پارلیمان مرزا اشتیاق بیگ، لطیف کھوسہ، طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، رومینہ خورشید عالم ، برطانوی ہائی کمیشن اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام بھی موجود تھے جبکہ شرمیلا فاروقی، ڈاکٹر شازیہ سومرو اور دانیال چوہدری نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔