پشاور، سی پیک منصوبے غربت کا خاتمہ اورصوبے میں خوشحالی لائیں گے،صوبائی معاون خصوصی برائے صنعت

جمعرات 17 اپریل 2025 15:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیرنے کہا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ خیبرپختونخوا کے لیے ترقی اورصنعتی خوشحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہےاوراس سے صوبائی حکومت بھرپورفائدہ اٹھانے کے لیے مکمل تیار ہے، انھوں نے کہا کہ اس منصوبے میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں سے یہ گزرتا ہے اوراس ضمن میں خیبرپختونخوا کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، یہ بات انہوں نےچائنا ونڈوپشاورکے زیراہتمام منعقدہ سی پیک انٹرنیشنل سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیمینارمیں کاروباری افراد، طلبا صحافیوں،دانشوروں اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سی پیک صرف ایک معاشی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان اورچین کے درمیان ایک مضبوط اورلازوال دوستی کا مظہر ہے، انہوں نے سیمینارکے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاک چین تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، خیبر پختونخوا میں صنعتی زونزکے قیام، خصوصی اقتصادی علاقوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگارماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور رشکئی سپیشل اکنامک زون جیسے منصوبے اس کی ایک کامیاب مثال ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، افرادی قوت اورجغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین حیثیت رکھتا ہے وہ چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاں آئیں، سرمایہ کاری کریں اورنوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے سے صوبے کے پسماندہ علاقوں کی غربت کومٹانے اورانھیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے،اس مٹی کی ترقی کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے تاکہ یہاں پرمعاشی استحکام آئے۔ سیمینارکے دوسرے دن منعقدہ سیشن میں عبدالکریم تورڈھیرنے سووینئرزتقسیم کیے۔