چیئرمین سینٹ سے وفاقی وزیر محمد اور نگزیب کھچی کی ملاقات ،ملک کے ثقافتی اثاثوں کے تحفظ، فنونِ لطیفہ کے فروغ پر گفتگو

جمعرات 17 اپریل 2025 17:18

چیئرمین سینٹ سے وفاقی وزیر محمد اور نگزیب کھچی کی ملاقات ،ملک کے ثقافتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ محمد اورنگزیب خان کھچی نے چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کے ثقافتی اثاثوں کے تحفظ، فنونِ لطیفہ کے فروغ اور قومی ورثے کو آئندہ نسلوں تک مؤثر انداز میں منتقل کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ہماری پہچان اور قومی شناخت کا اہم ستون ہے، جسے محفوظ بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے وفاقی وزارتِ ثقافت کی جانب سے جاری منصوبوں اور پالیسی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پارلیمانی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر محمد اورنگزیب خان کھچی نے چیئرمین سینیٹ کو وزارت کی ترجیحات اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وزارت فعال کردار ادا کر رہی ہے، اور آرٹسٹوں، محققین اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے ساتھ قریبی روابط قائم کیے جا رہے ہیں۔