پی ٹی اے کی خراب انٹرنیٹ سروسز پر کوئی ایکشن نہ لینے کی تصدیق

ملک میں موبائل فون سروس ،انٹرنیٹ کی صورتحال دن بدن ابترہونے لگی

جمعرات 17 اپریل 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)پاکستان میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ کی صورتحال دن بدن ابتر ہونے لگ ،فائیو جی کے خواب دکھانے والوں نے قوم کو فور جی اور تھری جی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم کر دیا ،پی ٹی اے موبائل کمپنیوں کے خلاف کسی عملی کارروائی کے بجائے محض بیانات تک محدود ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان بھر میں موبائل فون اور موبائل انٹرنیٹ سروس کی حالت خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔

فائیو جی کا انتظار کرنے والی قوم آج فور جی اور تھری جی جیسی سروسز کے مسائل کا شکار ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے ٹیلی کام کمپنیوں کے خلاف کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا بلکہ محض بیانات پر اکتفا کیا گیا ۔ خراب سروسز کے معاملے پر سما کے رابطے پر پی ٹی اے نے خود تصدیق کی کہ رواں سال اس حوالے سے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ادارے کا مقف ہے کہ کوالٹی آف سروس میں بہتری ایک مسلسل عمل ہے اور سیلولر سروسز کو بہتر بنانے کے لیے مستقل اور بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق سروس کی کوالٹی پر باقاعدہ سروے اور فالو اپ اقدامات بھی کیے جاتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران موبائل آپریٹرز پر مجموعی طور پر 68 اعشاریہ 9 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جن میں سے صرف 13 اعشاریہ 6 ملین روپے وصول کیے جا سکے ہیں۔ادھر ملک بھر میں خراب موبائل سروس صارفین کے لیے عذاب بن گئی ہے۔ اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں موبائل فون سروس اور موبائل ڈیٹا شدید سست روی کا شکار ہے۔ فون کے سگنلز اکثر کمزور ہو جاتے ہیں یا مکمل غائب ہو جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ موٹرویز پر سفر کے دوران بھی بلا تعطل سروس میسر نہیں۔