وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی پہاڑی علاقوں میں زراعت کے فروغ کے لئے پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت

جمعہ 18 اپریل 2025 14:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے پہاڑی علاقوں میں زراعت کے فروغ کے لئے اہم اقدام کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو پہاڑی علاقوں میں زراعت کے فروغ کے لئے پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے محکمہ زراعت کو مراسلہ اور کانسپٹ پیپر ارسال کردیا۔

مراسلہ کے مطابق 45 دنوں کے اندر "ماؤنٹین ایگریکلچر پالیسی خیبرپختونخوا" کا حتمی مسودہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے، کانسیپٹ پیپر میں پالیسی سازی کے لیئ تھیمیٹک ایریاز کی نشاندہی کے علاوہ سفارشات اور حکمت عملی بھی دی گئی ہے۔ مراسلہ پالیسی فریم ورک میں پہاڑی علاقوں کی زمین، مٹی، آب و ہوا اور دیگر ماحولیاتی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

مراسلہ کے مطابق ویلیو چین ڈویلپمنٹ اور مارکیٹ تک رسائی پر بھی توجہ دی جائے، دور افتادہ علاقوں میں زرعی ٹیکنالوجی، ریسرچ اور ایکسٹنشن سروسز کا فرغ پالیسی کا حصہ ہونا چاہیے۔ پہاڑی علاقوں کی معیشت میں خواتین کے کردار اور کمیونٹی موبیلائیزیشن پر توجہ مرکوز کی جائے، صوبے کے پہاڑی علاقوں میں لائیو سٹاک کی خاطر خواہ استعداد موجود ہے، ان علاقوں میں پوٹینشل لائیو سٹاک اور زرعی پیداوار پر ادارہ جاتی توجہ دینے کے لئے واضح پالیسی فریم ورک ناگزیر ہے کانسپٹ پیپر میں ماؤنٹین ایگریکلچر پالیسی کے مقاصد و اہداف بھی تجویز کئے گئے ہیں،پہاڑی علاقوں میں فوڈ سکیورٹی، روزگار اور ریسورس مینجمنٹ کے سلسلے میں واضح اہداف کا تعین کرنے کی ضرورت ہے۔

ماؤنٹین ایگریکلچر ڈویلپمنٹ بورڈ اور کمیونٹی سیڈ بینکس قائم کیے جائیں۔ دیہاتوں میں متعلقہ تنظیموں اور کوآپریٹوز کو بحال کیا جائے۔ واٹر اینڈ سائل کنزرویشن کے لئے منصوبوں کی نشاندہی کی جائے۔ ایکسٹنشن اینڈ ایگرو۔ان پٹ سروسز کی بہتری کے لیے کم سے کم پچاس نئے ایکسٹنشن ایجنٹس کو ٹریننگ دی جائے۔ علاوہ ازیں ملٹی لیول مارکیٹنگ اسٹریٹجی اختیار کی جائے۔ پالیسی کے اہداف کا حصول یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ اینڈ ایوالویشن کا موثر نظام وضع کیا جائے۔